سودا کے حالات زندگی

بعض تذکرہ نگاروں نے لکھا ہے کہ مرزا محمد رفیع سودا کے آبا واجداد کا بل سے ہندوستان آئے تھے۔ اس کے برعکس سودا کے ایک قریبی دوست بھگوان داس ہندی نے اپنے تذکرے سفینہ کہندی میں اطلاع دی ہے کہ سودا کے بزرگ بخارا سے ہندوستان آئے تھے۔ چونکہ بیشتر تذکرہ نگاروں نے یہی لکھا ہے اس لیے یہی درست معلوم ہوتا ہے کہ سودا کے بزرگ بخارا سے آئے تھے۔
سودا کے والد کا نام مرزا شفیع بتایا جاتا ہے۔ چوں کہ سودا کے بزرگ بخارا سے ہندوستان آکر دہلی میں آباد ہوئے تھے اس لیے اس بات کا پورا امکان ہے کہ سودا کے والد مرزا شفیع دہلی میں پیدا ہوئے ۔ سودا کے آبا و اجداد سپاہی پیشہ تھے اور سپاہی کی حیثیت سے ہندوستان آئے تھے اور بزرگوں کے بارے میں تو کچھ نہیں کہا جا سکتا لیکن سودا کے والد مرزا شفیع کا پیشہ البتہ تجارت تھا۔ کچھ ایسے شواہد موجود ہیں جن سے پتا چلتا ہے کہ مرزا شفیع اپنے زمانے کے مشہور تاجر تھے اور مرتے ہوئے انھوں نے خاصی دولت چھوڑی تھی جسے سودا نے دوست نوازی میں ختم کر دی ۔
سودا کی ولادت دلی میں ہوئی تھی۔ کچھ تذکرہ نگار سودا کاسنہ پیدائش 1695 ء بتاتے ہیں۔ بعض تذکرہ نگاروں کے بیان کے مطابق 1713ء میں پیدا ہوئے تھے لیکن بہت سے شواہد اس حق میں ہیں کہ سودا کی ولادت 1707ء میں ہوئی ۔ یہی سنہ ہمیں درست معلوم ہوتا ہے۔
سودانے دہلی میں پرورش پائی۔ یہیں ان کی تعلیم و تربیت ہوئی ۔ انھوں نے ان علوم کی تعلیم حاصل کی جوان کے زمانے میں رائج تھے۔ ان کے کلام کے مطالعے سے سے اندازہ ہوتا ہے کہ انھوں نے فارسی کا بہت اچھا مطالعہ کیا۔ تھوڑی بہت عربی پڑھی تھی ۔ دہلی میں آجکل جہاں کا بلی دروازہ ہے اس کے آس پاس بہت بڑی آبادی تھی ۔ سودا کا آبائی مکان اس آبادی میں تھا۔ اب نہ کا بلی دروازہ موجود ہے۔ نہ اس کے اردگرد جو مکان تھے ان کا نام و نشان باقی ہے۔
سودا کی ادبی زندگی کا آغاز فارسی شعر گوئی سے ہوا۔ سراج الدین علی خان آرزو سودا کے زمانے کے فارسی کے بہت بڑے عالم اور فارسی شاعر تھے۔ سودا نے ان کی شاگردی اختیار کر لی۔ ایک فارسی داں نے ( جو ہمارے خیال سے خان آرزو ہی تھے ) سودا کو مشورہ دیا کہ وہ کتنی اچھی شاعری کیوں نہ کر لیں، فارسی کے ممتاز شاعروں کا مقابلہ نہیں کر سکتے اس لیے بہتر ہے کہ وہ اردو میں شعر کہیں ۔ ایسے مشوروں اور اردو شاعری کی بڑھتی مقبولیت نے سودا کی توجہ اردو شاعری کی طرف مبذول کرائی ۔
جیسا کہ بتایا جا چکا ہے کہ جب سودا نے فارسی میں شعر گوئی شروع کی تو انھوں نے خان آرزو کی شاگردی اختیار کر لی تھی۔ اس کے بعد وہ سلمان قلی خال و داد اور پھر اردو کے مشہور شاعر شاہ حاتم کے شاگرد ہو گئے ۔ اردو شاعری میں سودا کو اتنی مقبولیت اور شہرت حاصل ہوئی کہ لوگ انھیں ملک الشعراء کہنے لگے۔ حالانکہ یہ ایسا خطاب تھا جو بادشاہ یا کوئی بہت بڑا آدمی کسی شاعر کو دیا کرتا تھا۔سودا کے ایک بیٹے تھے جن کا نام تھا میر غلام حیدر مجذوب – مجذوب کا ایک شعر ہے جس میں انھوں نے میر تقی میر سے خطاب کر کے کہا ہے:
اے میر سمجھومت ، مجذوب کو اوروں سا
ہے وہ خلف سودا اور اہل ہنر بھی ہے
سودا کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ بہت مہذب، نیک، شریف، خوش اخلاق اور دوست نواز تھے۔ ان کے کلام کے مطالعے سے پتہ چلتا ہے کہ وہ بہت ظریف شگفتہ مزاج اور زندہ دل انسان تھے۔سودا کو کتے پالنے کا بہت شوق تھا۔ آخری عمر تک ان کے پاس اچھی نسل کے کئی کتے تھے۔
نادرشاہ اور پھر احمد شاہ ابدالی کے لگا تار حملوں نے دہلی کو ایسا تباہ و برباد کر دیا تھا کہ اہلِ ہنر اپنے سر پرستوں اور ملازمت کی تلاش میں دہلی چھوڑ کر در بدر ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہو گئے ۔ خان آرزو میر تقی میر سودا قیام الدین قائم، قلندر بخش جرات غلام ہمدانی مصحفی انشا اللہ خاں انشاء سعادت یار خاں رنگیں وغیرہ کو حالات سے مجبور ہو کر دہلی کو خیر باد کہنا پڑا۔
1760 ء کے آس پاس سودا بھی ترک وطن پر مجبور ہو کر فرخ آباد چلے گئے ۔ فرخ آباد میں سودا نواب احمد بخش خاں بنگش کے دیوان نواب مہرباں خاں رند کی سرکار سے منسلک ہو گئے۔ سودا فرخ آباد میں کئی سال رہے۔ نواب شجاع الدولہ کی دعوت پر وہ فیض آباد آ گئے ۔ اس زمانے میں فیض آباد اودھ کی راج دھانی تھی ۔ جنوری ۱۷۷۵ء میں جب شجاع الدولہ کا انتقال ہو گیا تو ان کے فرزند آصف الدولہ جانشین ہوئے ۔ آصف الدولہ نے اودھ کی راج دھانی فیض آباد سے لکھنو منتقل کر دی ۔ حالات سے مجبور ہو کر سودا کو بھی لکھنؤ آنا پڑا۔
دہلی سے نکل کر سودا جہاں کہیں رہے ان کی مالی حالت اچھی رہی ۔ فرخ آباد میں نواب مہرباں خاں رند کی سر پرستی میں سودا کی مالی حالت بہت اچھی تھی۔ جب سودا فیض آباد پہنچے تو نواب شجاع الدولہ نے دو سو روپے ماہوار کا وظیفہ مقرر کر دیا۔ شجاع الدولہ کی وفات کے بعد ان کے بیٹے نواب آصف الدولہ نے یہ وظیفہ جاری رکھا جو وفات کے وقت تک انھیں ملتا رہا۔ 26 جون 1781ء کو سودا اللہ کو پیارے ہو گئے ۔
لکھنو میں نواب آصف الدولہ کے عہد کا ایک محلہ ہے جنگلی گنج ۔ اس محلے میں ایک مسجد ہے جو کسی زمانے میں مرز اسودا کی مسجد کے نام سے جانی جاتی تھی۔ اب اس مسجد کا نام مسجد رحمانی ہے۔ غالباً اسی مسجد سے ملے وہ مکانات تھے جن میں سودا رہتے تھے۔
سوداعزا خانہ آغا باقر میں دفن ہوئے تھے ۔ سودا کی قبر ز مین میں دب گئی تھی ۔ 1869ء میں قبر زمین سے نکال کر اس کی مرمت کرائی گئی ۔ قبر کے چاروں طرف ایک دیوار بنادی گئی۔ اب یہ قبر محفوظ ہے۔
( بشکریہ : ماخوذ از درسیاتی کتاب برائے ایم اے اردو (فاصلاتی تعلیم) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی)

Users Today : 2
Users Yesterday : 177
Users Last 7 days : 1788
Users Last 30 days : 4093
Users This Month : 3663
Users This Year : 17596
Total Users : 37315
Views Today : 8
Views Yesterday : 599
Views Last 7 days : 3565
Views Last 30 days : 7671
Views This Month : 6936
Views This Year : 35413
Total views : 84028
Who's Online : 0