غالب کے حالات زندگی

مغل سلطنت کا آفتاب غروب ہوا چاہتا تھا لیکن غروب ہوتے ہوئے بھی لعل بدخشاں کے جو ڈھیر اس آفتاب نے چھوڑے ان میں سے ایک کو دنیا اسد اللہ خاں غالب کے نام سے جانتی ہے ۔ یہ زمانہ اگر چہ مغلیہ سلطنت کے سقوط کا تھا لیکن اردو شاعری کا آفتاب نصف النہار پر تھا۔ بہادر شاہ ظفر نے اگر چہ برائے نام بادشاہ تھے لیکن علم وفن کے قدر داں تھے ادبی نورتنوں کو اپنے ہاں جمع کر رکھا تھا۔ پھر جہاں تک شعر و ادب کا تعلق ہے دہلی تو ایسی دلی تھی کہ چشم فلک نے پھر کبھی ایسی دلی نہیں دیکھی ہوگی ۔ غالب ، ظفر شاہ نصیر، مولوی فضل حق خیر آبادی، ذوق، مومن، امام بخش صہبائی، میر مہدی مجروح ، ہر گوپال تفته شیفتہ حالی ہر ایک درنایاب اپنی مثال آپ اور بے بدل تھا۔
غالب نے ہر چند کہ 13-1812 سے دہلی میں سکونت اختیار کر لی تھی لیکن ان کا دلی آنا جانا تو اس وقت سے تھا جب وہ سنِ شعور کو پہنچ چکے تھے۔
غالب کے آبا واجداد کا وطن نہ تو دلی تھا اور نہ آگرہ۔ کہتے ہیں ان کے دادا مر زا قوقان بیگ جو تو رانی نسل سے تعلق رکھتے تھے، سمرقند کے رہنے والے تھے۔ احمد شاہ ابدالی کے تیسرے حملے (دسمبر 1751ء تا مارچ 1752ء) سے ہندوستان ابھی سنبھل ہی رہا تھا کہ مرزا قوقان بیگ تلاش معاش میں یہاں آئے۔ پہلے تو وہ لاہور میں نواب معین الملک کے ہاں ملازم رہے پھر عالم گیر کے عہد میں دہلی پہنچے اور دیڑھ دو سال بعد شاہ عالم کی شہزادگی کے عہد میں شاہی ملازم ہوئے ۔ پھر نجف خان کی ملازمت اختیار کی، بعد ازاں وہاں سے مستعفی ہو کر مہاراجہ جے پور کے یہاں ملازم رہے۔ اس طرح آگرہ ان کی جائے سکونت بنا۔ میرزا قوقان بیگ کی شادی 1763 ء میں ہوئی اور غالب کے والد میرزا عبداللہ بیگ خاں 1765ء میں دہلی میں پیدا ہوئے جن کی شادی آگرے میں 1793ء میں خواجہ غلام حسین خاں کمیدان کی دختر عزت النسا بیگم سے ہوئی ۔ ان کے بطن سے 27 دسمبر 1797ء مطابق 8 رجب المرجب 1212ھ کو غالب پیدا ہوئے ۔ میرزا عبداللہ بیگ خاں نے بھی حیدر آباد میں ملازمت کی تھی، بعد ازاں وہ ریاست الور کی فوج میں ملازم ہوئے ۔ 1801ء میں الور میں ایک گڑھی کے زمیندار سے مقابلہ کرتے ہوئے انھیں گولی لگ گئی اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ان کی تدفین الور ہی میں عمل میں آئی۔
والد کے انتقال کے بعد غالب کی پرورش ان کے چچا مرزا نصر اللہ بیگ خاں نے کی ۔ مرز انصر اللہ بیگ خاں مرہٹوں کی طرف سے آگرے کے قلعہ دار تھے ۔ 1806ء میں کسی معرکے میں تھے کہ ہاتھی سے گر کر زخمی ہوئے اور یہی حادثہ ان کے انتقال کا سبب بنا۔اس وقت غالب کی عمر صرف (9) برس کی تھی ۔ ایسے میں ان کی پرورش ان کے نھیال میں ہونے لگی ۔ مرفہ الحالی تو تھی ہی، مزید یہ کہ لاڈ پیار نے انھیں با ضابطہ تعلیم و تربیت سے دور رکھا۔ غالب کا یہ دور خاصی رنگ رلیوں اور لہو ولعب میں گزرا۔ ویسے انھوں نے ایک مختصر سی مدت کے لیے ہی آگرے کے مولوی معظم کے مکتب میں تعلیم حاصل کی تھی لیکن زبان و بیان اور شعر و ادب پر اپنی خداداد صلاحیتوں کے باعث قدرت حاصل کی ۔ غالب ابھی تیرہ برس ہی کے تھے کہ الہی بخش خاں معروف کی چھوٹی بیٹی امراؤ بیگم سے 19 اگست 1810 مطابق 17 رجب المرجب 1225 ءکو دہلی میں ان کا نکاح ہو گیا۔ دو ایک سال تو کچھ یوں ہی آنا جانا رہا 1812-13 سے غالب نے دہلی میں مستقل سکونت اختیار کر لی۔
غالب آگرے میں ہوتے تو یقینا وہ علمی وادبی صحبتیں انھیں میسر نہ آتیں جو دہلی جیسے عالم میں انتخاب شہر میں انھیں حاصل ہوئیں۔ غالب نے ان سے بھر پور استفادہ کیا ان کے خسر نواب الہی بخش خاں معروف اپنے زمانے کے نامور شاعر تھے اور ان کا اہل اللہ میں شمار ہوتا تھا۔ معروف کے بڑے بھائی والی لوہارو نواب فخر الدولہ دلاور الملک احمد بخش خاں رستم جنگ اور ان کے بڑے صاحبزادے ضیاء الدین احمد خان تیر رخشاں دہلی کے آفتابوں اور ماہتابوں میں تھے ۔ ادھر فضل حق خیر آبادی تھے جن کی صحبت نے غالب کی شخصیت کو نکھار دیا ۔ اس زمانے میں مالی پریشانیاں بھی افزوں ہونے لگیں ۔ غالب کو نصر اللہ بیگ خاں کے وارثوں میں ہونے کی وجہ سے ان کی جاگیر سے حصہ ملتا تھا اور یہی غالب کی آمدنی تھی۔ نصر اللہ بیگ خاں کے انتقال کے بعد یہ جا گیریں نواب احمد بخش خاں کے علاقے میں شامل ہو گئیں اور جب انھوں نے اپنی جاگیروں کو اولاد میں تقسیم کیا تو غالب کے حصے کی تقسیم شمس الدین احمد خان رئیس فیروز پور کے ذمے کی گئی۔ غالب کی شمس الدین احمد خان سے پہلی ہی سے ان بن تھی اور اب جاگیر کے حصے کی تقسیم میں ان کا رویہ نا مناسب رہا تو غالب نے مقدمہ دائر کرنے کی ٹھانی اور اس مقصد کے لیے کلکتہ کا سفر کیا جو ان دنوں ہندستان کا صدر مقام تھا۔ غالب کے سفر کلکتہ کی داستان طویل ہے۔ غالب فروری 1828 میں کلکتہ پہنچے ۔ اپنے اس سفر میں انھوں نے فیروز پور اور فرخ آباد سے آباد کے علاو لکھنؤ اور بنارس میں بھی قیام کیا جس کے اثرات ان کی شخصیت اور شاعری پر ملتے ہیں۔
غالب کو کلکتے میں اپنی پنشن کے سلسلے میں کوئی خاص کامیابی نہیں ہوئی لیکن ادبی اور ثقافتی طور پر ایک کشادہ منظر ان کے سامنے رہا۔ کلکتے میں غالب نے ایک نئی دنیا دیکھی ۔ انگریزی تہذیب’ سائنسی ایجادات اور صنعتی ترقیوں کے نتائج اور ثمرات ان کے سامنے تھے۔ اس کا اظہار انھوں نے تفصیل تے کے ساتھ آئین اکبری‘ کے لیے تحریر کردہ اپنی تقریظ میں کیا ہے۔ اس مشہور غزل میں بھی کلکتے کا دل کش تذکرہ کیا ہے جس کا مطلع ہے:
کلکتے کا جو ذکر کیا تو نے ہم نشیں
اک تیر مرے سینے میں مارا کہ ہائے ہائے
غالب کو کلکتے میں دینی پریشانیوں کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ مرزا قتیل سے معرکہ آرائی سفر کلکتہ کا ایک اہم واقعہ ہے۔ اس ضمن میں غالب کو جس کرب سے گزرنا پڑا اس کا تھوڑا بہت انداز ہ ان کی فارسی مثنوی ” باد مخالف کے مطالعے سے ہوتا ہے ۔ سفر کلکتہ کے دوران انھوں نے بنارس میں بھی قیام کیا۔ مثنوی ” چراغ دیر ان کی بنارس کی یادوں کی دستاویز ہے۔ غرض غالب نے کلکتے میں پایا کم اور کھو یا زیادہ اور یوں لٹے لٹائے 29 نومبر 1829ءکو دہلی واپس ہوئے ۔ البتہ ان کا سفر کلکتہ ان کی شخصیت اور شاعری کو نیا رخ دینے میں کامیاب رہا۔
مالی اور معاشی معاملات کا جہاں تک تعلق ہے ایسا لگتا ہے کہ غالب کا مقدر کہنا چکا تھا۔ دہلی میں ان کے لیے فضا سازگار نہیں تھی ۔ پہلی بات تو یہ کہ ہے ایسا لگتاہے فضاساز گارنہیں تو کہ یہاں قرض دار موجود تھے جن سے وہ چھپتے چھپاتے رہے۔ شمس الدین احمد خاں کو پھانسی کا باعث اور سہی لیکن غالب سے ان کی عداوت کی روشنی میں اہل وہلی غالب پر بھی شبہ کرتے تھے۔
1840ء کی بات ہے کہ غالب کو دہلی کالج میں فارسی کی پروفیسری کا پیش کش کیا گیا لیکن انھوں نے اس منصب کو اس لیے قبول نہیں کیا کہ جب وہ انٹرویو کے لیے پہنچے تو پرنسپل نے جس سے غالب کے ذاتی مراسم تھے سواری تک آکر ان کا استقبال نہیں کیا۔ پرنسپل کا کہنا تھا کہ غالب اس وقت ملازمت کے لیے امیدوار کی حیثیت سے آئے تھے ذاتی طور پر ان کے استقبال کا سوال پیدا نہیں ہوتا۔
غالب کو ابتدائی عمر سے شطرنج اور چوسر کھیلنے کی عادت تھی اور بسا اوقات وہ بازی بد کر کھیلا کرتے تھے۔ یہی نہیں وہ اپنے گھر میں لوگوں کو جوا بھی کھلایا کرتے تھے جو خلاف قانون اور لائق تعزیر تھا۔ اس بارے میں کسی نے مخبری کر دی ۔ غالب گھر پر جوا کھلانے کے الزام میں اگست 1841ء میں گرفتار کیے گئے ۔ عدالت نے انھیں (100) روپے جرمانے اور عدم ادائی جرمانہ کی صورت میں چار ماہ قید کی سزا سنائی ۔ جرمانہ ادا کیا گیا اور بات آئی گئی ہوگئی لیکن ابھی چند سال ہی گزرے تھے کہ گھر پر جو خانہ قائم کرنے کے الزام میں غالب 25 مئی 1847ء کو دوبارہ گرفتار کر لیے گئے ۔ اس بار انھیں چھ ماہ کی قید اور (200) روپے جرمانہ کی سزا ہوئی (50) روپے ادا کرنے پر مشقت معاف کر دی گئی اور احباب کے اثرات اور مجسٹریٹ کی سفارش پر صرف تین ماہ قید میں رہنے کے بعد غالب رہا کر دیے گئے ۔ غالب کے لیے یہ بڑا پشیمانی کا دور تھا تا ہم ان کی ادبی منزلت کم نہ ہوئی۔
کچھ تو انگریزی حکومت کے وظیفہ خوار ہونے کی وجہ سے اور کچھ درباری رنگ ڈھنگ کے باعث غالب کے دربار سے مراسم پیدانہیں ہوئے تھے اور جب انگریز قلعے کے معاملات میں دخیل ہوتے گئے تو غالب کے لیے بھی دربار میں باریابی کی صورت نکل آئی اور وہ 4 جولائی 1850 کو بہادر شاہ ظفر کے دربار میں پیش ہوئے ۔ انھیں چھے پارچے اور تین رقم جواہر کا ضلعت اور نجم الدولہ ودبیر الملک نظام جنگ کے خطاب سے سرفراز کیا گیا۔ ان کی ماموری خاندان تیموریہ کی تاریخ لکھنے پر عمل میں آئی اور تنخواہ 600 روپے سالانہ قرار پائی۔
غالب کی زندگی اب بدلے ہوئے دھارے پر آگے بڑھ رہی تھی ۔ جہاں تک دنیاوی آرام و آسائش، جاہ و منصب اور مال و دولت کا تعلق تھا غالب کو اپنے معیار کے مطابق حاصل نہیں ہوا تھا۔ تاہم حالات بہتر ہو چکے تھے ۔اسی دوران 15 نومبر 1854 ءکو استادِ شاہ ذوق کا انتقال ہو گیا ۔اب بہادر شاہ ظفر نے اپنا کلام غالب کو دکھانا شروع کیا اور یوں غالب استاد شاہ بن گئے ۔ ان کی مرتبت میں اضافہ ہوا لیکن قدرت کو کچھ اور منظور تھا۔ حالات نے اچانک نازک موڑ لیا اور 10 مئی 1857ء کوشہر میرٹھ سے پہلی جنگ آزادی کا آغاز ہوا گویا ایک قیامت ٹوٹ پڑی۔ کوئی کسی کا پرسان حال نہ رہا زندگی کے لینے دینے پڑ گئے غالب نے وہ دیکھا جو انھوں نے سوچانہیں تھا۔ 20 ستمبر 1857ء کو انگریزوں نے دہلی پر مکمل قبضہ کر لیا۔ قلعے کی تنخواہ تو بند ہونا ہی تھی، انگریزوں سے ملنے والی پنشن بھی بند ہوگئی ۔ غالب کی بیوی امراؤ بیگم نے اپنے زیورات اور قیمتی ملبوسات جو میاں کالے کی کوٹھی میں حفاظت کے لیے بھیجے تھے وہ سب لٹ گئے ۔ روزمرہ کی ضروریات کے لیے انھیں برتن اور کپڑے فروخت کرنے پڑے۔ غالب گوشہ نشین ہو گئے لیکن شعر و ادب سے اپنے رشتے کو انھوں نے استوار رکھا۔ تنہائی کو دور کرنے کے لیے قلم سنبھالا اور دستنبو لکھی جو پہلی جنگِ آزادی کے حالات پر مشتمل ہے ۔ ” دستنبو کی اشاعت اوائل نومبر 1858ء میں عمل میں آئی۔ اس کے ساتھ انھوں نے فارسی کی مشہور لغت ” برہان قاطع کی غلطیاں قلم بند کیں اور اپنی کتاب کا نام قاطع برہان رکھا جو ادائل 1862ء میں شائع ہوئی۔
غالب کے نواب رام پور سے مراسم 1857 کے ہنگاموں سے بہت پہلے سے تھے۔ نواب رام پور یوسف علی خاں جو اپنے بچپن میں قیام دہلی کے زمانے میں غالب – ما غالب سے فارسی پڑھ چکے تھے اب ان سے اپنے کلام پر اصلاح لینے لگے ۔ وہ کبھی کبھار کچھ رقم بھیج دیا کرتے تھے۔ غالب نے جب اپنی کس میری سے نواب رامپور کو واقف کروایا اور مستقل وظیفے کی درخوسات کی تو انھوں نے 10 جولائی 1859ء سے غالب کے نام 100 روپے ماہانہ وظیفہ جاری کر دیا جو غالب کو تا حین حیات ملتا رہا۔ رامپور سے مراسم غالب کے لیے کئی اعتبار سے سود مند رہے۔ انگریزوں نے غالب کی پنشن بند کر دی تھی۔ غالب نے ممکنہ کوشش کی لیکن کامیابی نہ ہونا تھی نہ ہوئی۔ تب انھوں نے نواب رامپور کی وساطت سے انگریزوں تک اپنی صفائی پہنچائی ۔ چنانچہ غالب نے جن کو نواب رام پور نے کئی مرتبہ اپنے ہاں آنے کی دعوت دی تھی 17 جنوری 1860ء کو رام پور پہنچے اور تین ماہ قیام کے بعد 24 مارچ کو دہلی واپسہوئے۔ ان کا یہ سفر ہر اعتبار سے کامیاب رہا۔ نہ صرف پنشن جاری ہوگئی بلکہ تین سال کا بقایا ساڑھے سات سو روپے سالانہ کے حساب سے 2250 روپے مل گیا اور مارچ 1863 ء میں دربار و خلعت کا اعزاز بھی بحال ہو گیا۔ یوں رام پور سے غالب کا رشتہ اور مضبوط ہو گیا ۔ غالب نے نواب یوسف علی خان کے احسانات کو فراموش نہیں کیا۔ اس کا اندازہ یوں لگایا جا سکتا ہے کہ جب 21 اپریل 1865ء کو نواب صاحب کے انتقال کے بعد نواب کلب علی خاں جانشین ہوئے تو تہنیت کے لیے غالب نے رام پور کا سفر کیا۔ یہ غالب کا دوسرا سفر رام پور تھا۔ اس بار وہ 12 اکتوبر 1865 ء کو رام پور پہنچے اور 8 جنوری 1866ءکو دہلی واپس ہوئے ۔ واپسی میں دریائے رام گڑھ میں باڑھ آ جانے اور پل کے بہہ جانے کی وجہ سے ان کو بڑی پریشانی ہوئی ۔ موسم کی سردی وہ برداشت نہیں کر سکے اور بیمار پڑ گئے۔ نقاہت میں بہ تدریج اضافہ ہوتا گیا جس کے نتیجے میں اور امراض کا شکار ہوئے ۔ کہا جاتا ہے کہ انتقال کے چند روز قبل غشی کے دورے پڑنے لگے تھے۔ 14 فروری 1869ء کو دو پہر سے بے ہوشی رہی، تشخیص ہوئی کہ دماغ پر فالج کا حملہ ہوا ہے لگ بھگ چوبیں گھنٹے یہی کیفیت رہی اور آخر 15 فروری 1869ءکو دن ڈھلے غالب نے آخری سانس لی اور خاندان لوہارو کے قبرستان بستی حضرت نظام الدین اولیا میں روزتدفین عمل میں آئی ۔ حالی کے الفاظ میں:
شہر میں اک چراغ تھا نہ رہا
اک روشن دماغ تھا نہ رہا
( بشکریہ : ماخوذ از درسیاتی کتاب برائے ایم اے اردو (فاصلاتی تعلیم) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی)

Users Today : 121
Users Yesterday : 103
Users Last 7 days : 896
Users Last 30 days : 2631
Users This Month : 1139
Users This Year : 15072
Total Users : 34790
Views Today : 343
Views Yesterday : 205
Views Last 7 days : 1663
Views Last 30 days : 5043
Views This Month : 2165
Views This Year : 30642
Total views : 79257
Who's Online : 1