قصیدہ

ہاں مہ نو سنیں ہم اس کا نام – غالب

Loading

ہاں مہ نو سنیں ہم اس کا نام

جس کو تو جھک کے کر رہا ہے سلام

دو دن آیا ہے تو نظر دم صبح

یہی انداز اور یہی اندام

بارے دو دن کہاں رہا غائب

بندہ عاجز ہے گردش ایام

اڑ کے جاتا کہاں کہ تاروں کا

آسماں نے بچھا رکھا تھا دام

مرحبا اے سرور خاص خواص

حبذا اے نشاط عام عوام

عذر میں تین دن نہ آنے کے

لے کے آیا ہے عید کا پیغام

اس کو بھولا نہ چاہیے کہنا

صبح جو جائے اور آئے شام

ایک میں کیا کہ سب نے جان لیا

تیرا آغاز اور ترا انجام

راز دل مجھ سے کیوں چھپاتا ہے

مجھ کو سمجھا ہے کیا کہیں نمام

جانتا ہوں کہ آج دنیا میں

ایک ہی ہے امید گاہ انام

میں نے مانا کہ تو ہے حلقہ بگوش

غالبؔ اس کا مگر نہیں ہے غلام

جانتا ہوں کہ جانتا ہے تو

تب کہا ہے بہ طرز استفہام

مہر تاباں کو ہو تو ہو اے ماہ

قرب ہر روزہ بر سبیل دوام

**

تجھ کو کیا پایہ روشناسی کا

جز بہ تقریب عید ماہ صیام

جانتا ہوں کہ اس کے فیض سے تو

پھر بنا چاہتا ہے ماہ تمام

ماہ بن ماہتاب بن میں کون

مجھ کو کیا بانٹ دے گا تو انعام

میرا اپنا جدا معاملہ ہے

اور کے لین دین سے کیا کام

ہے مجھے آرزوئے بخشش خاص

گر تجھے ہے امید رحمت عام

جو کہ بخشے گا تجھ کو فر فروغ

کیا نہ دے گا مجھے مئے گلفام

جب کہ چودہ منازل فلکی

کر چکے قطع تیری تیزی گام

تیرے پرتو سے ہوں فروغ پذیر

کوئے و مشکوئے و صحن و منظر و بام

دیکھنا میرے ہاتھ میں لبریز

اپنی صورت کا ایک بلوریں جام

پھر غزل کی روش پہ چل نکلا

توسن طبع چاہتا تھا لگام

زہر غم کر چکا تھا میرا

تجھ کو کس نے کہا کہ ہو بدنام

مے ہی پھر کیوں نہ میں پیے جاؤں

غم سے جب ہو گئی ہو زیست حرام

بوسہ کیسا یہی غنیمت ہے

کہ نہ سمجھیں وہ لذت دشنام

کعبے میں جا بجائیں گے ناقوس

اب تو باندھا ہے دیر میں احرام

اس قدح کا ہے دور مجھ کو نقد

چرخ نے لی ہے جس سے گردش وام

بوسہ دینے میں ان کو ہے انکار

دل کے لینے میں جن کو تھا ابرام

چھیڑتا ہوں کہ ان کو غصہ آئے

کیوں رکھوں ورنہ غالبؔ اپنا نام

کہہ چکا میں تو سب کچھ اب تو کہہ

اے پری چہرہ پیک تیز خرام

کون ہے جس کے در پہ ناصبہ سا

ہیں مہ و مہر و زہرہ و بہرام

تو نہیں جانتا تو مجھ سے سن

نام شاہنشہ بلند مقام

قبلۂ چشم و دل بہادر شاہ

مظہر ذوالجلال والاکرام

شہسوار طریقۂ انصاف

نو بہار حدیقۂ اسلام

جس کا ہر فعل صورت اعجاز

جس کا ہر قول معنی الہام

بزم میں میزبان قیصر و جم

رزم میں اوستاد رستم و سام

اے ترا لطف زندگی افزا

اے ترا عہد فرخی فرجام

چشم بد دور خسروانہ شکوہ

لوحش اللہ عارفانہ کلام

جاں نثاروں میں تیرے قیصر روم

جرعہ خواروں میں تیرے مرشد جام

وارث ملک جانتے ہیں تجھے

ایرج و تور و خسرو و بہرام

زور بازو میں مانتے ہیں تجھے

گیو و گودرز و بیژن و رہام

مرحبا موشگافیٔ ناوک

آفریں آب داریٔ صمصام

تیر کو تیرے تیر غیر ہدف

تیغ کو تیری تیغ خصم نیام

رعد کا کر رہی ہے کیا دم بند

برق کو دے رہا ہے کیا الزام

تیرے فیل گراں جسد کی صدا

تیرے رخش سبک عناں کا خرام

فن صورت گری میں تیرا گزر

گر نہ رکھتا ہو دست گاہ تمام

اس کے مضروب کے سر و تن سے

کیوں نمایاں ہو صورت ادغام

جب ازل میں رقم پذیر ہوئے

صفحہ ہائے لیالی و ایام

اور ان اوراق میں بہ کلک قضا

مجملاً مندرج ہوئے احکام

لکھ دیا شاہدوں کو عاشق کش

لکھ دیا عاشقوں کو دشمن کام

آسماں کو کہا گیا کہ کہیں

گنبد تیز گرد نیلی فام

حکم ناطق لکھا گیا کہ لکھیں

خال کو دانہ اور زلف کو دام

آتش و آب و باد و خاک نے لی

وضع سوز و نم و رم و آرام

مہر رخشاں کا نام خسرو روز

ماہ تاباں کا اسم شحنۂ شام

تیری توقیع سلطنت کو بھی

دی بدستور صورت ارقام

کاتب حکم نے بموجب حکم

اس رقم کو دیا طراز دوام

ہے ازل سے روائیٔ آغاز

ہو ابد تک رسائیٔ انجام

Our Visitor

0 1 1 1 7 1
Users Today : 11
Users Yesterday : 20
Users Last 7 days : 128
Users Last 30 days : 734
Users This Month : 421
Users This Year : 5917
Total Users : 11171
Views Today : 17
Views Yesterday : 46
Views Last 7 days : 282
Views Last 30 days : 1506
Views This Month : 871
Views This Year : 11398
Total views : 27403
Who's Online : 0
Your IP Address : 18.218.108.8
Server Time : 2024-12-22
error: Content is protected !!