نظم

یادیں – اختر الایمان

Loading

لو وہ چاہ شب سے نکلا پچھلے پہر پیلا مہتاب

ذہن نے کھولی رکتے رکتے ماضی کی پارینہ کتاب

یادوں کے بے معنی دفتر خوابوں کے افسردہ شہاب

سب کے سب خاموش زباں سے کہتے ہیں اے خانہ خراب

گزری بات صدی یا پل ہو گزری بات ہے نقش بر آب

یہ روداد ہے اپنے سفر کی اس آباد خرابے میں

دیکھو ہم نے کیسے بسر کی اس آباد خرابے میں

شہر تمنا کے مرکز میں لگا ہوا ہے میلا سا

کھیل کھلونوں کا ہر سو ہے اک رنگیں گل زار کھلا

وہ اک بالک جس کو گھر سے اک درہم بھی نہیں ملا

میلے کی سج دھج میں کھو کر باپ کی انگلی چھوڑ گیا

ہوش آیا تو خود کو تنہا پا کے بہت حیران ہوا

بھیڑ میں راہ ملی نہیں گھر کی اس آباد خرابے میں

دیکھو ہم نے کیسے بسر کی اس آباد خرابے میں

وہ بالک ہے آج بھی حیراں میلہ جوں کا توں ہے لگا

حیراں ہے بازار میں چپ چپ کیا کیا بکتا ہے سودا

کہیں شرافت کہیں نجابت کہیں محبت کہیں وفا

آل اولاد کہیں بکتی ہے کہیں بزرگ اور کہیں خدا

ہم نے اس احمق کو آخر اسی تذبذب میں چھوڑا

اور نکالی راہ مفر کی اس آباد خرابے میں

دیکھو ہم نے کیسے بسر کی اس آباد خرابے میں

ہونٹ تبسم کے عادی ہیں ورنہ روح میں زہر آگیں

گھپے ہوئے ہیں اتنے نشتر جن کی کوئی تعداد نہیں

کتنی بار ہوئی ہے ہم پر تنگ یہ پھیلی ہوئی زمیں

جس پر ناز ہے ہم کو اتنا جھکی ہے اکثر وہی جبیں

کبھی کوئی سفلہ ہے آقا کبھی کوئی ابلہ فرزیں

بیچی لاج بھی اپنے ہنر کی اس آباد خرابے میں

دیکھو ہم نے کیسے بسر کی آباد خرابے میں

کالے کوس غم الفت کے اور میں نان شبینہ جو

کبھی چمن زاروں میں الجھا اور کبھی گندم کی بو

ناقۂ مشک تتاری بن کر لیے پھری مجھ کو ہر سو

یہی حیات صاعقہ فطرت بنی تعطل کبھی نمو

کبھی کیا رم عشق سے ایسے جیسے کوئی وحشی آہو

اور کبھی مر مر کے سحر کی اس آباد خرابے میں

دیکھو ہم کیسے بسر کی اس آباد خرابے میں

کبھی غنیم جور و ستم کے ہاتھوں کھائی ایسی مات

ارض الم میں خوار ہوئے ہم بگڑے رہے برسوں حالات

اور کبھی جب دن نکلا تو بیت گئے جگ ہوئی نہ رات

ہر سو مہ وش سادہ قاتل لطف و عنایت کی سوغات

شبنم ایسی ٹھنڈی نگاہیں پھولوں کی مہکار سی بات

جوں توں یہ منزل بھی سر کی اس آباد خرابے میں

دیکھو ہم نے کیسے بسر کی اس آباد خرابے میں

راہ نورد شوق کو رہ میں کیسے کیسے یار ملے

ابر بہاراں عکس نگاراں خال رخ دلدار ملے

کچھ بالکل مٹی کے مادھو کچھ خنجر کی دھار ملے

کچھ منجدھار میں کچھ ساحل پر کچھ دریا کے پار ملے

ہم سب سے ہر حال میں لیکن یوں ہی ہاتھ پسار ملے

صرف ان کی خوبی پہ نظر کی اس آباد خرابے میں

دیکھو ہم نے کیسے بسر کی اس آباد خرابے میں

ساری ہے بے ربط کہانی دھندلے دھندلے ہیں اوراق

کہاں ہیں وہ سب جن سے جب تھی پل بھر کی دوری بھی شاق

کہیں کوئی ناسور نہیں گو حائل ہے برسوں کا فراق

کرم فراموشی نے دیکھو چاٹ لیے کتنے میثاق

وہ بھی ہم کو رو بیٹھے ہیں چلو ہوا قرضہ بے باق

کھلی تو آخر بات اثر کی اس آباد خرابے میں

دیکھو ہم نے کیسے بسر کی اس آباد خرابے میں

خواب تھے اک دن اوج زمیں سے کاہکشاں کو چھو لیں گے

کھلیں گے گل رنگ شفق سے قوس قزح میں جھولیں گے

باد بہاری بن کے چلیں گے سرسوں بن کر پھولیں گے

خوشیوں کے رنگیں جھرمٹ میں رنج و محن سب بھولیں گے

داغ گل و غنچہ کے بدلے مہکی ہوئی خوشبو لیں گے

ملی خلش پر زخم جگر کی اس آباد خرابے میں

دیکھو ہم نے کیسے بسر کی اس آباد خرابے میں

خوار ہوئے دمڑی کے پیچھے اور کبھی جھولی بھر مال

ایسے چھوڑ کے اٹھے جیسے چھوا تو کر دے گا کنگال

سیانے بن کر بات بگاڑی ٹھیک پڑی سادہ سی چال

چھانا دشت محبت کتنا آبلہ پا مجنوں کی مثال

کبھی سکندر کبھی قلندر کبھی بگولہ کبھی خیال

سوانگ رچائے اور گزر کی اس آباد خرابے میں

دیکھو ہم نے کیسے بسر کی اس آباد خرابے میں

زیست خدا جانے ہے کیا شے بھوک تجسس اشک فرار

پھول سے بچے زہرہ جبینیں مرد مجسم باغ و بہار

کیا ہے روح ارض کو آخر اور یہ زہریلے افکار

کس مٹی سے اگتے ہیں سب جینا کیوں ہے اک بیگار

ان باتوں سے قطع نظر کی اس آباد خرابے میں

دیکھو ہم نے کیسے بسر کی آباد خرابے میں

دور کہیں وہ کوئل کوکی رات کے سناٹے میں دور

کچی زمیں پر بکھرا ہوگا مہکا مہکا آم کا بور

بار مشقت کم کرنے کو کھلیانوں میں کام سے چور

کم سن لڑکے گاتے ہوں گے لو دیکھو وہ صبح کا نور

چاہ شب سے پھوٹ کے نکلا میں مغموم کبھی مسرور

سوچ رہا ہوں ادھر ادھر کی اس آباد خرابے میں

دیکھو ہم نے کیسے بسر کی اس آباد خرابے میں

نیند سے اب بھی دور ہیں آنکھیں گو کہ رہیں شب بھر بے خواب

یادوں کے بے معنی دفتر خوابوں کے افسردہ شہاب

سب کے سب خاموش زباں سے کہتے ہیں اے خانہ خراب

گزری بات صدی یا پل ہو گزری بات ہے نقش بر آب

مستقبل کی سوچ، اٹھا یہ ماضی کی پارینہ کتاب

منزل ہے یہ ہوش و خبر کی اس آباد خرابے میں

دیکھو ہم نے کیسے بسر کی اس آباد خرابے میں

Our Visitor

0 1 1 1 7 1
Users Today : 11
Users Yesterday : 20
Users Last 7 days : 128
Users Last 30 days : 734
Users This Month : 421
Users This Year : 5917
Total Users : 11171
Views Today : 17
Views Yesterday : 46
Views Last 7 days : 282
Views Last 30 days : 1506
Views This Month : 871
Views This Year : 11398
Total views : 27403
Who's Online : 0
Your IP Address : 52.15.241.87
Server Time : 2024-12-22
error: Content is protected !!